چشتیاں میں ایف آئی اے ٹیم کا چھاپہ،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقوم میں غیرقانونی کٹوتی کرنے والا ایک شخص گرفتار
چشتیاں: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے چشتیاں کے نواحی علاقے چک 98 فتح میں کارروائی کرتے ہوئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کی امدادی رقوم میں مبینہ غیرقانونی کٹوتی کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا، جبکہ لاکھوں روپے نقد، الیکٹرانک ڈیوائسز اور فراڈ سے متعلق ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق مستحق خواتین کی شکایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر کی ہدایت پر انسپکٹر صبغت اللہ کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے ایک مقامی دکان پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران انجم رشید کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزم نے مبینہ طور پر بتایا کہ وہ اپنے بھائی بہزاد رشید، رانا عبدالرشید اور محمد کاشف کے ساتھ مل کر ایلفا پے ڈیوائس کے ذریعے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم وصول کرنے والی خواتین سے مبینہ طور پر ایک ہزار سے پندرہ سو روپے تک کی غیرقانونی کٹوتی کرتے تھے، جسے بعد ازاں آپس میں تقسیم کر لیا جاتا تھا۔
کارروائی کے دوران متعدد خواتین نے بھی ایف آئی اے کو بتایا کہ امدادی رقم کی ادائیگی کے وقت ان سے زبردستی رقم کاٹی جاتی تھی۔
ایف آئی اے نے دکان سے ایک ایلفا پے ڈیوائس، موبائل فون، رجسٹر، دیگر ریکارڈ اور 4 لاکھ 23 ہزار 850 روپے نقد برآمد کر لیے۔ ادارے کے مطابق دیگر ملزمان کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مقدمے میں ملوث افراد کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ کمپوزٹ سرکل بہاولپور میں بھی تعزیرات پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے
Source: Chishtian.pk