وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا یوتھ پالیسی 2026 کا جائزہ، نوجوانوں کی تعلیم، ہنر اور روزگار کے لیے نئے اقدامات پر زور

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی زیر صدارت صوبائی یوتھ پالیسی 2026 سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار، کاروبار، کھیلوں اور ڈیجیٹل مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے زیر تعمیر جوان مراکز کو جلد از جلد مکمل کرکے فعال بنانے، ان کے گورننگ بورڈز میں عوامی نمائندوں کی شمولیت یقینی بنانے اور سپورٹس کوچز کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں اور انسانی سرمایہ پر سرمایہ کاری حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو مساوی ترقیاتی مواقع، جدید مہارتیں، اسٹارٹ اپ سپورٹ، کیریئر گائیڈنس اور ٹیلنٹ کی سرپرستی فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) 2026-27 میں یوتھ پالیسی پر عملدرآمد کے لیے 70 کروڑ روپے کی دو ترقیاتی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں۔

ان منصوبوں کے تحت جوان مراکز، اسکلز ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل لرننگ اور کیریئر ڈویلپمنٹ کے لیے 170 ملین روپے، یوتھ انٹرپرینیورشپ، اسٹارٹ اپ چیلنجز، بزنس پلان مقابلوں اور کیریئر فیئرز کے لیے 115 ملین روپے، یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ، آئی ٹی ہیکاتھونز، ٹیکنالوجی مقابلوں، یوتھ فیسٹیولز اور ایکسچینج پروگرامز کے لیے 120 ملین روپے جبکہ کلائمیٹ ایکشن، ماحولیاتی تحفظ اور شجرکاری سرگرمیوں کے لیے 60 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں

متعلقہ خبریں