منور چورنگی انڈرپاس ڈیزائن میں خامیوں کے باوجود عوام کے لیے کھول دیا گیا، سروس روڈز کی تعمیر جاری رہے گی: مرتضیٰ وہاب

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ منور چورنگی انڈرپاس کو مکمل افتتاح سے قبل عارضی طور پر عوام کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے تاکہ اطراف میں سروس روڈز کی تعمیر کا کام بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تمام تعمیراتی سرگرمیاں مکمل ہونے کے بعد انڈرپاس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی اور وزیر بلدیات نے کہا کہ کراچی کی ترقی، شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک کے مسائل کا حل سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں مختلف مقامات پر انڈرپاسز، فلائی اوورز اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی روڈ پر جاری ترقیاتی منصوبے پر بھی کام کی رفتار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ سندھ حکومت، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے شہریوں کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق منصوبے میں تاخیر کا سبب بننے والے ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے اور اب تعمیراتی کام تیز رفتاری سے جاری ہے تاکہ منصوبہ جلد مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت میں اہم وزارتوں کا حصہ ہونے کے باوجود کراچی کے لیے کوئی بڑا ترقیاتی منصوبہ نہیں لا سکی۔ انہوں نے کہا کہ وقتاً فوقتاً نئے صوبوں کا معاملہ اٹھا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، حالانکہ اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کسی صورت ممکن نہیں اور ایسے بیانات صرف سیاسی مقاصد کے لیے دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں موجود چار صوبوں کا انتظام ہی ایک بڑا چیلنج ہے تو مزید صوبے بنانے کی باتیں عملی حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا مطلب نئی اسمبلیاں، نئے وزرائے اعلیٰ اور ایک نیا انتظامی ڈھانچہ ہوگا، جس پر سنجیدگی سے غور کیے بغیر صرف سیاسی نعرے لگائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ منور چورنگی انڈرپاس کو عوام کے لیے صرف اس مقصد کے تحت عارضی طور پر کھولا گیا ہے تاکہ اطراف کی سروس روڈز کی تعمیر باآسانی مکمل کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تمام تکنیکی اور تعمیراتی ضروریات پوری ہونے کے بعد انڈرپاس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا اور شہریوں کو ایک مکمل اور بہتر سفری سہولت میسر آئے گی۔

متعلقہ خبریں