عدالتی حکم کے باوجود مقدمہ درج کرنے پر لاہور ہائیکورٹ کی ڈی جی اینٹی کرپشن کی سرزنش

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے حکم امتناع کے باوجود مقدمہ درج کرنے پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) کے سربراہ کی سرزنش کرتے ہوئے ایف آئی آر کی منظوری دینے والے افسر سمیت متعلقہ حکام کو تفصیلی تحریری رپورٹس کے ساتھ طلب کرلیا۔

جسٹس اَبہر گل خان نے پنجاب اسمبلی کے سابق سیکریٹری محمد خان بھٹی کی جانب سے 2023 میں دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ اے سی ای کے ڈائریکٹر جنرل سہیل ظفر چٹھہ عدالت میں پیش ہوئے اور ابتدائی رپورٹ جمع کرائی، تاہم عدالت نے رپورٹ اور سرکاری وکلا کی وضاحت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

عدالت نے 13 اپریل 2023 کے حکم امتناع کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ اسی روز ایف آئی آر کیوں درج کی گئی اور کیا اس حکم کو کسی اعلیٰ فورم پر چیلنج کیا گیا تھا۔

سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انکوائری 7 اپریل کو شروع ہوئی اور ایف آئی آر کی منظوری حکم امتناع سے پہلے دی گئی تھی، جبکہ مقدمہ درج ہونے تک محکمے کو عدالتی حکم کی تحریری نقل موصول نہیں ہوئی تھی۔

عدالت نے وضاحت کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ افسران کو آئندہ سماعت پر تفصیلی تحریری جوابات سمیت پیش ہونے کا حکم دیا۔ مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ خبریں