مظفرآباد میونسپل کارپوریشن کا ادائیگیوں کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ

مظفرآباد: میونسپل کارپوریشن مظفرآباد نے شہری خدمات اور سرکاری ادائیگیوں کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے منگل کے روز جے ایس بینک کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے۔ اس اقدام کا مقصد خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا اور مالی شفافیت کو فروغ دینا ہے۔

معاہدے پر جے ایس بینک کے گورنمنٹ ڈیجیٹلائزیشن لیڈ محمد فرحان اکرم اور ایم سی ایم کے چیف آفیسر صاحبزادہ ذوالفقار عالم نے دستخط کیے۔ اس موقع پر میئر سکندر نثار گیلانی اور بلدیاتی ادارے کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔

یہ معاہدہ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ارشاد احمد قریشی کے مشورے سے طے پایا، جس کے تحت جے ایس بینک میونسپل کارپوریشن کو اپنے انتظامی امور کو ڈیجیٹل بنانے اور شہریوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام متعارف کرانے میں معاونت فراہم کرے گا۔

پہلے مرحلے میں نادرا سے منسلک شہری خدمات کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت شروع کر دی گئی ہے، جن میں پیدائش، وفات اور نکاح کے سرٹیفکیٹس کا اجرا شامل ہے۔

حکام کے مطابق شہری اب مقررہ فیس ڈیجیٹل ذرائع سے ادا کر سکیں گے جس سے دستی لین دین اور صرف فیس جمع کرانے کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔

اس اقدام سے نہ صرف کارروائی کا وقت کم ہوگا بلکہ ادارے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور مالی معاملات میں شفافیت اور احتساب کو بھی فروغ ملے گا۔

دونوں اداروں کے نمائندوں نے اس معاہدے کو وسیع ڈیجیٹلائزیشن منصوبے کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے مہینوں میں مزید بلدیاتی خدمات کو بھی اس ڈیجیٹل نظام میں شامل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ شراکت داری مقامی حکومت کے نظام کو جدید بنانے اور ملک میں جاری ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد شہریوں کو تیز، قابل اعتماد اور شفاف خدمات فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں