اینٹی کرپشن ساہیوال کی کارروائی، پولیس اے ایس آئی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
ساہیوال: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ساہیوال نے پولیس لائنز میں تعینات اے ایس آئی کو شہری سے 15 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ساہیوال بشارت نبی کی خصوصی ہدایات پر کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن ساہیوال ارشد زمان وٹو اور ان کی ٹیم نے مجسٹریٹ کی زیر نگرانی کامیاب ریڈ کارروائی کرتے ہوئے عبدالقیوم اے ایس آئی کو گرفتار کیا۔
ملزم سے نشان زدہ 15 ہزار روپے بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ اینٹی کرپشن ساہیوال نے تھانہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران کی طرف سے رشوت مانگنے کی کسی بھی اطلاع پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ رشوت کے مطالبات کی فوری اطلاع اینٹی کرپشن ہیلپ لائن پر دیں۔