میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے سکھر کے شہریوں کے ہمراہ شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی سالگرہ کا 100 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر سکھر کے عوام کو اہم ترقیاتی منصوبے کا تحفہ دیا ہے۔ سکھر میں گڈانی پھاٹک پر "شہید محترمہ بےنظیر بھٹو فلائی اوور” کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔
ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے تقریب میں منصوبے کا افتتاح کیا۔ فلائی اوور اور اس سے منسلک سڑکوں کی تعمیر پر مجموعی طور پر 1.5 ارب روپے لاگت آئے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر سکھر نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر یہ منصوبہ پیش کیا گیا ہے، جو صرف ایک ترقیاتی اسکیم نہیں بلکہ سکھر کے مستقبل کو جدید، مربوط اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا۔
منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے میئر نے کہا کہ پی ٹی سی ایل ایکسچینج سے گڈانی پھاٹک تک 700 فٹ طویل اور 40 فٹ چوڑا فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ 3.8 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و مرمت بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
اس منصوبے میں شامل سڑکوں میں گڈانی پھاٹک تا بھوسہ لائن چوک (60 فٹ)، نمائش چوک تا قریشی گوٹھ (40 فٹ)، میرانی محلہ تا رنگ روڈ (30 فٹ)، پیر مراد شاہ تا مائیکرو کالونی (24 فٹ) اور شکارپور پھاٹک تا قریشی روڈ (70 فٹ) کی مرمت شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پسماندہ علاقوں جیسے بھوسہ لائن، قریشی گوٹھ اور مائیکرو کالونی کی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا اور سکھر کے دو بڑے تعلقوں کو جوڑ کر 3 لاکھ سے زائد شہریوں کو براہ راست فائدہ پہنچائے گا۔
میئر سکھر نے مزید کہا کہ شہر میں ایک جدید چڑیا گھر بھی زیر تعمیر ہے، جو سکھر کے شہریوں کو تفریح، تعلیم اور ماحول دوست سہولتیں فراہم کرے گا۔
تقریب کے اختتام پر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے سکھر کے شہریوں کے ہمراہ شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی سالگرہ کا 100 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بےنظیر بھٹو نے اپنی زندگی جمہوریت، عوامی خدمت اور انسانی حقوق کے لیے وقف کی، اور پیپلز پارٹی ان کے مشن کو جاری رکھے گی۔