پاکستانی قوم ہر محاذ پر دشمن کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے: ڈاکٹر مظہر اقبال چوہدری کا خصوصی انٹرویو

بہاولنگر (نمائندہ مقامی حکومت) معروف عوامی رہنما اور سی پیک موٹروے و ایئر ایمبولینس پروگرام کے حامی، ڈاکٹر مظہر اقبال چوہدری نے  مقامی حکومت  کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ملکی دفاع، علاقائی صورتحال اور بھارتی پراپیگنڈے پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

سوال: ڈاکٹر صاحب، موجودہ علاقائی کشیدگی اور بھارتی فالس فلیگ پراپیگنڈے پر آپ کا ردِعمل کیا ہے؟

ڈاکٹر مظہر اقبال چوہدری:
بھارت کی فالس فلیگ کارروائیاں کوئی نئی بات نہیں۔ مودی سرکار نے ہمیشہ الیکشن سے قبل عوامی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے ایسے جھوٹے ڈرامے رچائے ہیں۔ مگر پاکستانی قوم ہوشیار ہے۔ ہماری مسلح افواج اور قیادت نے دو ٹوک اور دندان شکن جواب دیا ہے۔ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ اگر وہ کمینگی کی ابتدا کرے گا تو اس کا منطقی انجام ہم طے کریں گے۔

سوال: کیا آپ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی مسلح افواج اور انٹیلیجنس ایجنسیاں موجودہ حالات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں؟

ڈاکٹر مظہر اقبال چوہدری:
بالکل، پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہیں۔ ان کے اندر جذبہ ایمانی بھی ہے اور پیشہ ورانہ مہارت بھی۔ ہماری انٹیلیجنس ایجنسی آئی ایس آئی نے ہمیشہ ملکی وقار کو بلند کیا ہے۔ چاہے سرحدی خلاف ورزیاں ہوں یا اندرونی خطرات، ہماری افواج نے ہمیشہ بہادری کی مثالیں قائم کی ہیں۔

سوال: بھارت کی اندرونی صورتحال پر بھی کچھ کہنا چاہیں گے؟

ڈاکٹر مظہر اقبال چوہدری:

بھارتی فوج اندر سے گھبراہٹ کا شکار ہے۔ انٹرنیشنل میڈیا نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ بھارتی فضائیہ نے تربیتی پرواز کے دوران اپنے ہی رہائشی علاقوں پر بمباری کی۔ مودی کا جنگی جنون نہ صرف بھارت بلکہ پورے خطے کے لیے خطرناک ہے۔ یہ سب اس کے سیاسی مقاصد اور انتخابی ڈرامہ بازی کا حصہ ہے۔

سوال: اندرونِ ملک یکجہتی کی صورتحال کیسی ہے؟

ڈاکٹر مظہر اقبال چوہدری:
الحمدللہ، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور قیادت مصلح افواج کے ساتھ یک زبان ہیں۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ مشترکہ پریس کانفرنس میں واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ ہے۔ گلگت سے کراچی تک قوم نعرہ تکبیر بلند کرنے کے لیے تیار ہے۔

سوال: آپ بہاولنگر کی سطح پر کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟

ڈاکٹر مظہر اقبال چوہدری:
بہاولنگر کے عوام باشعور اور محب وطن ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا ضلع بھی قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔ سی پیک، موٹروے اور ایئر ایمبولینس جیسے منصوبے عوامی بہتری کے لیے ناگزیر ہیں۔ لیکن ملکی سالمیت سے بڑھ کر کچھ نہیں، اور ہم سب افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

متعلقہ خبریں