کراچی میں آج سے 2 اکتوبر تک تیز بارشوں کی پیشگوئی, کراچی کے اطراف آج دوپہر میں تھنڈر سیلز بن سکتےہیں، جن سے بارش کا امکان ہے .ماہی گیرسمندر میں نہ جائیں: محکمۂ موسمیات

کراچی(نمائندہ مقامی حکومت) ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آج سے 2 اکتوبر تک تیز بارشوں کا امکان ہے، کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ حالیہ بارشیں بحیرۂ عرب میں موجود سرکولیشن کے باعث ہوں گی، طوفان ’گلاب‘ کمزور ہو کر ہوا کے کم دباؤ کی صورت اختیار کر گیا ہے۔سردار سرفراز نے بتایا کہ ہوا کا کم دباؤ 30 ستمبر کو گجرات سے دوبارہ بحیرۂ عرب کی جانب بڑھ سکتا ہے، بحیرۂ عرب میں جانے پر یہ دوبارہ شدت اختیار کر سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہوا کا یہ کم دباؤ اومان کی جانب بڑھتے ہوئے کراچی اور بلوچستان کے سمندر کے قریب سے گزرے گا۔ ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان ’گلاب‘ کے اثرات سمندر میں طغیانی کی صورت میں نظر آئیں گے، تیز ہوائیں 60 سے 70 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ طوفان گلاب کے اثرات کے باعث بلوچستان میں گوادر تک تیز بارشیں متوقع ہیں، 30 ستمبر سے 3 اکتوبر تک سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیر سمندر میں نہ جائیں۔

متعلقہ خبریں