کراچی: سٹی کونسل میں اپوزیشن نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں، جبکہ جماعت اسلامی اور جمیعت علمائےاسلام(ف) نے مشترکہ حکمتِ عملی تیار کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر ایڈووکیٹ سیف الدین نے بتایا کہ ان کی ملاقات جے یو آئی (ف) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر مفتی خالد سے ہوئی، جس میں کراچی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پانی کی فراہمی، نکاسیٔ آب، ٹھوس کچرے کے انتظام، سڑکوں کی خستہ حالی اور امن و امان کی صورتحال جیسے اہم مسائل زیر بحث آئے۔
ایڈووکیٹ سیف الدین کے مطابق جے یو آئی (ف) کی قیادت نے اس بات سے اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن کو مربوط اور مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ شہری مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے اور سٹی کونسل میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔