وادیٔ کاغان کو ماسٹر پلان کے تحت 9 زونز میں تقسیم کرنے کا فیصلہ

مانسہرہ (نمائندہ مقامی حکومت) خیبر پختونخوا حکومت نے سیاحت کے فروغ اور قدرتی حسن کے تحفظ کے لیے کاغان ویلی کو نو مختلف زونز میں تقسیم کرنے کا ماسٹر پلان حتمی شکل دے دی ہے۔

سیکرٹری سیاحت سعدات حسن نے ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس کے دوران بتایا کہ اس منصوبے کے تحت ناران، کاغان اور بٹہ کنڈی میں مخصوص علاقوں میں ہی کمرشل، تعلیمی اور صحت کی سہولیات کی تعمیر کی اجازت دی جائے گی تاکہ وادی کا قدرتی حسن برقرار رکھا جا سکے۔

اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف، کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور تحصیل بالاکوٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سیکرٹری سیاحت نے اپنے دورے کے دوران کاغان اور مانور ویلی کا بھی جائزہ لیا اور بالا تا سری روڈ اور چیئر لفٹ کا افتتاح کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ماسٹر پلان گزشتہ سال اگست سے زیر غور تھا اور اب اس پر عملدرآمد شروع کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے تحت اسکولوں، ہوٹلوں، صحت کی سہولیات اور سیاحتی مقامات کے لیے مخصوص جگہوں کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے، جبکہ مانور ویلی کو بھی اس حکمت عملی میں شامل کیا گیا ہے۔

سعدات حسن کا کہنا تھا کہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سیاحوں کو بھی راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ عید پر تین لاکھ سے زائد سیاحوں نے خیبر پختونخوا کے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کا فروغ مقامی آبادی کی ترقی اور خوشحالی سے جڑا ہوا ہے اور حکومت جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ صوبے کے مثبت اور نرم تشخص کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا لوئر کوہستان میں پرانی دشمنی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ادھر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ اس سال 1 لاکھ 79 ہزار عازمین حج کے لیے سعودی عرب میں بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حج پروازیں 17 اپریل سے شروع ہوں گی اور تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حج و عمرہ ایکٹ 2021 کے تحت عمرہ کو بھی باقاعدہ ریگولیٹ کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

متعلقہ خبریں