لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور ڈیولپمنٹ پلان فیز ٹو کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ آفس کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے تحت شہر کی کم از کم 6,284 گلیوں کو مکمل طور پر اپ گریڈ کیا جائے گا۔
واسا 486 گلیوں جبکہ لاہور میونسپل کارپوریشن 5,798 گلیوں کو آئندہ سال جون تک جدید معیار کے مطابق بہتر بنائے گی۔ اس سلسلے میں مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور وزیراعلیٰ نے اہم ہدایات جاری کیں۔
وزیراعلیٰ آفس کے مطابق لاہور کے ہر محلے کو روشن اور بہتر بنانے کے لیے مرحلہ وار ماہانہ پلان پیش کیا گیا۔ مریم نواز نے واضح ہدایت کی کہ ترقیاتی کام میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے ہر گوشے کو سنوارا جائے گا تاکہ شہریوں کے لیے اسے بہتر اور قابلِ فخر بنایا جا سکے۔