مضبوط مقامی صنعت پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، اعظم نذیر تارڑ

راولپنڈی: وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے مقامی صنعتوں کو مضبوط بنانا اور ملکی پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہے، کیونکہ صنعتی ترقی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور درآمدات پر انحصار کم ہوتا ہے۔

انہوں نے یہ بات راولپنڈی میں مری بریوری کی جدید کاربونیٹڈ سافٹ ڈرنکس پروڈکشن لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صنعتی توسیع نہ صرف فیکٹریوں میں روزگار پیدا کرتی ہے بلکہ ٹرانسپورٹ، تقسیم، ریٹیل اور دیگر متعلقہ شعبوں میں بھی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہے۔

انہوں نے مری بریوری کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسفندیار بھنڈارا کی جدید خودکار ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے منصوبے پاکستان کے صنعتی شعبے کی صلاحیت اور مستقبل پر اعتماد کا اظہار ہیں۔

دورے کے دوران اعظم نذیر تارڑ نے نئی پیداواری لائن کا معائنہ بھی کیا، جہاں انہیں جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی اور پیداواری عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر مری بریوری کے سی ای او اسفندیار بھنڈارا نے کہا کہ چین سے درآمد کی گئی نئی پروڈکشن لائن سے کمپنی کی کاربونیٹڈ سافٹ ڈرنکس تیار کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا جبکہ مصنوعات کا اعلیٰ معیار بھی برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ نئی پیداواری لائن کی تنصیب سے تقریباً 100 نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا خوراک اور مشروبات کا شعبہ وسیع صلاحیت رکھتا ہے اور مقامی مینوفیکچرنگ ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

اسفندیار بھنڈارا نے مزید کہا کہ جدید پیداواری سہولیات میں سرمایہ کاری کمپنی کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد اپنی صنعتی استعداد میں اضافہ کرنا اور پاکستان کی صنعتی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں