اسلام آباد میں گھر گھر سروے اور ’’پاک آئی ڈی‘‘ ایپ کے ذریعے شہریوں کا ڈیٹا بیس تیار کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں گھر گھر سروے کیا جائے گا تاکہ ہر شہری کا جامع ڈیٹا بیس تیار کیا جاسکے جس میں جیو ٹیگنگ کے ذریعے مقام، رہائش اور دیگر درست معلومات شامل ہوں گی۔ یہ سروے نہ صرف شہری علاقوں بلکہ دیہی بستیوں اور کچی آبادیوں تک پھیلا ہوگا۔

سی ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر ماحولیات اسفندیار بلوچ، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس جواد طارق، وزارت داخلہ، ضلعی انتظامیہ، نادرا، پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس اور دیگر اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نادرا کی ’’پاک آئی ڈی‘‘ موبائل ایپ کے ذریعے شہری گھروں میں بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکیں گے۔ تاہم ساتھ ہی ایک گھر گھر سروے بھی شروع کیا جائے گا تاکہ شہریوں کا مکمل ڈیٹا بیس تیار کیا جا سکے جو مستقبل میں منصوبہ بندی، ترقیاتی کاموں اور سکیورٹی کے لیے بنیاد فراہم کرے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ایپ کو مزید صارف دوست بنایا جائے اور دیگر موجودہ ایپلی کیشنز کے ساتھ مربوط کیا جائے تاکہ شہری آسانی سے اپنی معلومات درج کر سکیں۔ اس ایپ میں خودکار ڈیٹا کلیکشن فیچر بھی شامل ہوگا جس سے رجسٹریشن کا عمل تیز اور مؤثر بنایا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق تمام گھرانوں، کرایہ داروں، رشتہ داروں اور غیر ملکیوں کی تفصیلات بھی جمع کی جائیں گی تاکہ اسلام آباد میں سکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے سپارکو سے ہائی کوالٹی امیجری بھی حاصل کی جائے گی۔

مزید یہ کہ ایک جامع آگاہی مہم چلائی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس ایپ اور سروے میں حصہ لیں۔ چیئرمین سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ ’’پاک آئی ڈی‘‘ ایپ اور گھر گھر سروے سے ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کو بہتر منصوبہ بندی اور سروسز فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کے تحفظ اور امن کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ عوام ایک محفوظ ماحول میں زندگی گزار سکیں۔

متعلقہ خبریں