اسلام آباد میں اوورہیڈ واٹر ٹینکس کی ماہانہ صفائی کا آغاز، سی ڈی اے
اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں تمام اوورہیڈ واٹر ٹینکس کی باقاعدہ ماہانہ صفائی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق یہ اقدام چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل اسلام آباد واٹر کی نگرانی میں کیا جارہا ہے تاکہ شہریوں کو صاف اور معیاری پینے کا پانی فراہم کیا جا سکے۔
ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد میں تقریباً 100 واٹر فلٹریشن پلانٹس مختلف مقامات پر نصب ہیں جن کی باقاعدہ مرمت، دیکھ بھال اور فلٹرز کی تبدیلی کا عمل جاری ہے۔ ماضی میں شہریوں کی جانب سے اوورہیڈ ٹینکس کی صفائی نہ ہونے کی شکایات موصول ہوئیں، جس پر اب باقاعدہ طور پر ہر ماہ ان ٹینکس کی صفائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فلٹریشن پلانٹس میں فلو میٹرز کی تنصیب
بیان میں کہا گیا کہ ڈی جی واٹر مینجمنٹ نے فلٹریشن پلانٹس کے فلٹرز کی معیاد جانچنے کے لیے فلو میٹرز لگانے کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔ اب تک تقریباً 40 فلٹریشن پلانٹس میں فلو میٹرز نصب کیے جاچکے ہیں۔ اس سے پانی کے استعمال کی بنیاد پر بروقت فلٹرز کی تبدیلی ممکن ہو سکے گی۔ زیادہ استعمال والے پلانٹس میں فلٹرز جلد تبدیل ہوں گے جبکہ کم استعمال والے پلانٹس کے لیے متوازن شیڈول تیار کیا جائے گا۔
لیبارٹری ٹیسٹنگ بھی یقینی
مزید کہا گیا کہ سی ڈی اے کی واٹر ٹیم ان فلٹریشن پلانٹس کے پانی کے ماہانہ لیبارٹری ٹیسٹ بھی کرتی ہے، جبکہ پاکستان کونسل آف ریسرچ اِن واٹر ریسورسز (PCRWR) سمیت دیگر تھرڈ پارٹی لیبارٹریز سے ہر دو سے تین ماہ بعد ٹیسٹنگ کرائی جاتی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق یہ اقدامات شہریوں کو تسلی اور اعتماد فراہم کرنے کے لیے ہیں تاکہ وہ بلا جھجک فلٹریشن پلانٹس سے پانی استعمال کرسکیں۔