بدعنوانی پر ایکشن کیوں لیا؟ایم ڈی’’ نیکا‘‘ سردار معظم کو ایک بار پھر دھمکیاں موصول

اسلام آباد: نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا) کے منیجنگ ڈائریکٹر سردار معظم کو ایک بار پھر دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ قریبی ذرائع کے مطابق سردار معظم کو نامعلوم افراد کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، ذرائع کے مطابق ایم ڈی نیکا کو اس سے پہلے بھی دھمکیاں موصول چوچکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سردار معظم کو پہلی مرتبہ ستمبر 2024 میں اس وقت دھمکیاں موصول ہوئیں تھیں جب نیکا نے بدعنوانی، غفلت اور دیگر الزامات پر محکمانہ کارروائی کے ذریعے ادارے کے کچھ افسران کو برطرف کیا تھا-ذرائع کا کہنا ہے کہ 2024 میں ادارے کے سابق اسٹنٹ ڈائریکٹر پالیسی سجاد حسین، سابق ڈائریکٹر جنرل منیر احمد اور ڈائریکٹر ذیشان اللہ کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی تھی اور مذکورہ افسران کو ادارے کی پالیسی کے خلاف کام کرنے، بدعنوانی اور غفلت کے الزامات پر برطرف کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ان افسران کے عزیز رشتہ داروں کی جانب سے اس ایکشن پر ایم ڈی نیکا سردار معظم کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں تھیں، واقعہ کی ایف آئی آر 13 ستمبر 2024 کو اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج ہوئی تھی، جس کے مطابق ملزم مفتی عقیل الرحمن پیرزادہ نے ایم ڈی نیکا سردار معظم کو ٹیلی فون کیا اور کہا کہ اگر سجاد حسین کیخلاف کوئی کاروائی کی گئی تو انہیں سنگین نتائج کا سامنا ہوسکتا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کی جانب سے مذہب کارڈ کھیلتے ہوئے شدید نقصان پہنچانے کی دھمکیاں بھی دی گئیں جو ریکارڈ پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ درج کروائی جانے والی ایف آئی آر کے باوجود مختلف نامعلوم نمبروں سے ملزم مفتی عقیل الرحمن کی جانب سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو ایم ڈی نیکا، نیکا بورڈ ممبران اور سرکاری ملازمین کو بھیجی گئی، یہ ویڈیو نیکا کے دفتر کے سامنے ریکارڈ کی گئی تھی جس میں ایم ڈی نیکا کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں تھیں۔مذکورہ ویڈیو میں ایم ڈی نیکا سردار معظم کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈہ بھی کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دے دی گئی ہے تاکہ مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ اس صورتحال کے بعد نیکا کی قیادت اور ادارے میں جاری اصلاحاتی عمل کے حوالے سے سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں