چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ارکان کا پانی کی شدید قلت پر احتجاج
راولپنڈی: چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ (سی سی بی) کے منتخب ارکان نے جمعرات کو اجلاس کے دوران راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ (آر سی بی) کی غفلت کے باعث پانی کی عدم فراہمی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور سی سی بی کے صدر و اسٹیشن کمانڈر سے مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔
اجلاس کی صدارت اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر علی انجم سید نے کی، جبکہ نائب صدر ملک اظہر نعیم، سی سی بی کے سینئر افسران اور فوجی حکام بھی شریک تھے۔
تمام منتخب ارکان بشمول راجہ عرفان امتیاز، راجہ پرویز اختر، چوہدری چنگیز خان، چوہدری شہزاد خان، چوہدری نعمان شوکت، محمد جمیل، اجمیر خان، چوہدری خرم اور الیگزینڈر ولیم نے اجلاس میں شرکت کی۔
یہ اجلاس بریگیڈیئر علی انجم سید کے راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈز کے صدر کے طور پر عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلا اجلاس تھا۔ منتخب ارکان نے اسٹیشن کمانڈر کو بتایا کہ خانپور ڈیم سے سی سی بی کے لیے روزانہ 4.5 ملین گیلن پانی مختص ہے، لیکن ڈیم بھرے ہونے کے باوجود آر سی بی نے گزشتہ دو ہفتوں سے چکلالہ کے علاقوں کو پانی فراہم نہیں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو مجبوراََ نجی واٹر ٹینکرز سے فی ٹینکر 3,000 سے 4,000 روپے تک کے عوض پانی خریدنا پڑ رہا ہے، جو عوام پر اضافی بوجھ ہے۔ ارکان نے زور دیا کہ پانی بنیادی ضرورت ہے اور اس کی فراہمی یقینی بنانا متعلقہ ادارے کی ذمہ داری ہے۔
بریگیڈیئر علی انجم سید نے یقین دہانی کرائی کہ وہ فوری طور پر آر سی بی انتظامیہ سے بات کریں گے تاکہ مسئلہ حل کیا جا سکے اور چکلالہ کے شہریوں کو پانی کی فراہمی بلا رکاوٹ یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ سی سی بی صفائی کے نظام کو بھی بہتر بنائے تاکہ تمام علاقے صاف، سرسبز اور خوبصورت رہیں۔
انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے علاقے صفائی اور خوبصورتی کے لحاظ سے دوسرے علاقوں کے لیے مثالی ہونے چاہئیں۔
اس موقع پر اسٹیشن کمانڈر نے ڈھری حسن آباد ڈسپنسری کے ماہانہ بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 50,000 روپے سے بڑھا کر 150,000 روپے کر دیا تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں ادویات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔
سی سی بی کے منتخب رکن اور سابق نائب صدر راجہ عرفان امتیاز نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چکلالہ کنٹونمنٹ میں پانی کی شدید قلت ہے اور روزانہ سو سے زائد شکایات موصول ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی سی بی نے صدر بریگیڈیئر علی انجم سید کو آگاہ کیا کہ آر سی بی کی غفلت کے باعث خانپور ڈیم سے پانی کی فراہمی بند ہے، جسے سی سی بی اپنے ٹینکوں میں ذخیرہ کر کے شہریوں کو فراہم کر سکتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ خانپور ڈیم سے فراہم کردہ پانی آر سی بی کی ذمہ داری ہے اور اس کے تحت سی سی بی کو روزانہ 4.5 ملین گیلن پانی فراہم کیا جانا چاہیے۔