کراچی: 150 سالہ پرانا برگد کا درخت بحال کیا جائے گا، وزیرِ اعلیٰ سندھ کی ہدایت

کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قصرِ ناز میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث گرنے والے 150 سالہ پرانے برگد کے درخت کی فوری بحالی کی ہدایت دے دی ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری جنگلات کو فوری بحالی کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ چیف کنزرویٹر جاوید مہر اپنی ٹیم کے ہمراہ اس تاریخی درخت کی بحالی کے عمل کی نگرانی کریں گے۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ:

 صدیوں پرانے درخت ہماری ثقافتی وراثت بھی ہیں اور ماحول کے تحفظ کے لیے نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔

 ان کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے اس دور میں ہر پودے کی اہمیت بڑھ گئی ہے، اور برگد کو ’’درختِ حیات‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ 2021 میں سندھ ہائی کورٹ کے احاطے میں بارش کے دوران گرنے والے ایک تاریخی درخت کو بھی محکمہ جنگلات نے کامیابی سے بحال کیا تھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت قدیم درختوں کو محفوظ بنانے اور دوبارہ زندہ کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ماحولیات کے تحفظ اور پائیداری کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

متعلقہ خبریں