صدر آزاد کشمیر کی سرمایہ کاروں کو دعوتع
میرپور: صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی خوش آئند ہے، کیونکہ یہ خطہ ہائیڈرو پاور، سیاحت اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وفاقی دارالحکومت میں کشمیر ہاؤس میں چائنا ریلوے بیورو گروپ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ایشیا ریجن کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر مسٹر زن جیانگ سے ملاقات کے دوران کیا۔
صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ آزاد کشمیر سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون اور تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی تاکہ خطے میں سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران مسٹر زن جیانگ نے صدر آزاد کشمیر کو اپنی کمپنی کے اہداف، جاری اور مکمل شدہ منصوبوں سے آگاہ کیا اور آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے امکانات پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
صدر آزاد کشمیر نے چینی کمپنی کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت سرمایہ کاری کے خواہشمند تمام اداروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈرو پاور، معدنی وسائل، اور سیاحت جیسے شعبے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے بے پناہ مواقع رکھتے ہیں، جن سے نہ صرف خطے میں روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے بلکہ معاشی استحکام بھی بڑھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر خطے میں پائیدار ترقی، قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث سرمایہ کاری کے لیے ایک محفوظ اور پرکشش مقام بن چکا ہے۔