یہ واقعہ بہاولنگر میں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات اور جرائم کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس طرح کے اور متعدد واقعات نے شہریوں کو عدم تحفظ کا شکار کر رکھا ہے
بہاولنگر (نمائندہ مقامی حکومت) چشتیاں کے نواحی گاوٴں چک نمبر 33فتح میں پانی کے تنازع پر ہونے والا جھگڑا خونریز تصادم میں تبدیل ہو گیا، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد ایک باپ اور اس کے دو بیٹے بتائے جا رہے ہیں۔ واقعے میں ملوث ملزمان موقعہ سے فرار ہو گئے ۔ایک شخص کو زخمی حالت میں گرفتار بھی کر لیا گیا ۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پانی کے استعمال پر دو خاندانوں کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے ایک جان لیوا جھگڑے میں بدل گیا۔ تصادم کے دوران تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ دو افراد کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ واقعہ بہاولنگر میں بڑھتے ہوئے پرتشدد جرائم کے سلسلے کی ایک اور کڑی ہے۔ چند روز قبل میکلوڈ گنج میں ایک معروف کاروباری شخصیت کو قتل کر دیا گیا تھا، جب کہ بہاولنگر شہر میں دن دہاڑے ایک نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ ان کے علاوہ بھی متعدد واقعات نے شہریوں کو عدم تحفظ کا شکار کر رکھا ہے۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں، اور علاقے میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پائیں۔ سول سوسائٹی نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے بنیادی تنازعات، جیسے پانی یا زمین کے جھگڑے، کا حل نکالا جائے تاکہ یہ مہلک تصادم میں نہ بدلیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔