جنوبی وزیرستان میں خاتون کونسلر جاں بحق
جنوبی وزیرستان: برمل تحصیل کے مانڑہ علاقے میں جمعرات کو سیکیورٹی فورسز کے ہیلی کاپٹر گن شپ نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی، جس کے جواب میں شدت پسندوں نے راکٹ فائر کیے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جھڑپ کے دوران شدت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
فائرنگ کے تبادلے میں مقامی کونسلر عشرفہ بی بی، اہلیہ مولانا نور زمان، گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئیں۔ انہیں ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
علاقائی حکومت کے نمائندوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ عشرفہ بی بی کی ہلاکت کے حوالے سے شفاف انکوائری کی جائے اور انہیں شہید پیکیج دیا جائے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے ایک روز قبل بدھ کو بھی برمل تحصیل کے اعظم وارساك علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان شدید فائرنگ ہوئی تھی جس میں دو خواتین اور دو بچے زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب جمعرات ہی کے روز اعظم وارساك بازار سے مسلح افراد نے ایک نوجوان، عابد، کو اغوا کر لیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان موٹر سائیکل پر اسے زبردستی نامعلوم مقام پر لے گئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔