نجات مِہران آپریشن کے دباؤ میں گھوٹکی میں 8 خطرناک ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے
گھوٹکی(نمائندہ مقامی حکومت) سندھ حکومت کے احکامات پر جاری نجات مِہران آپریشن کے دباؤ کے نتیجے میں انتہائی سنگین مقدمات میں مطلوب 8 ڈاکوؤں نے گھوٹکی پولیس کے سامنے سرینڈر کر دیا۔ کارروائی ناصر آفتاب کی کمانڈ میں کی گئی، جس میں لاڑکانہ/سکھر رینج پولیس، وفاقی سول انٹیلیجنس ایجنسی اور سندھ رینجرز نے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کچے کے علاقوں میں دباؤ بڑھایا۔پولیس کے مطابق سرینڈر کرنے والوں میں مور عرف مکھنو ولد میھارو شر، اصغر ولد عمر شر، نالے چنگو ولد مکھنو شر، ممتاز ولد ساجن شر، لطیف ولد پھلوان شر، بڈھو ولد کریم خان شر، شاہ بخش عرف شبن ولد جانن شر اور بھاذر عرف بھادر ولد غلام محمد عرف صدر رند شامل ہیں۔ یہ ملزمان قتل، دہشت گردی، اغواء برائے تاوان، ڈکیتی، بھتہ خوری اور پولیس مقابلوں سمیت متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سرینڈر کرنے والے ملزمان نے جرائم کی دنیا چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے دیگر ساتھیوں کو بھی ہتھیار ڈال کر قانون کے سامنے پیش ہونے کا پیغام دیا ہے۔ ملزمان کا مکمل کرمنل ریکارڈ منسلک کر کے مزید جانچ پڑتال جاری ہے۔ڈی آئی جی لاڑکانہ/سکھر رینج کے مطابق کچے کے علاقوں میں نجات مِہران آپریشن ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے اور امن و امان کی بحالی تک جاری رہے گا۔ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔