لیہ کیلئے میڈیکل کالج ، سنٹر آف ایکسی لینس ،3 ارب تعلیمی فنڈز، نوجوان خود بنیان المرصوص بنیں: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز

لاہور(نمائندہ مقامی حکومت )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لیہ میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ کے چیک تقسیم کیے اور لیہ میں میڈیکل کالج قائم کرنے اور کلاسز شروع ، ڈیرہ غازی خان اور لیہ کی یونیورسٹیوں کیلئے تین ارب روپے کے تاریخی فنڈز، ڈیرہ غازی خان اور لیہ میں نوازشریف سینٹر آف ایکسی لینس برائے ”ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن“ بنانے،110ارب روپے کے خطیر فنڈ سے پنجاب کے تمام سکولوں میں کلاس روم، ٹائلٹ اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کوایک سال میں مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب پنجاب کا کو ئی سکول ضروری سہولتوں سے محروم نہیں رہے گا۔وزیراعلیٰ نے آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی پر آرمی چیف فیلڈمارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد دی اور طلبہ کی طرف سے ایئر چیف بابر ظہیر سندھو کوبھی مبارکباد پیش کی اور تمام طلبہ کی طرف سے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں اور دیگر اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم نے کئی گنا بڑے ملک کوشکست دی۔ جو کہتے تھے رافیل کوئی نہیں گراسکتا، ہم نے جے ایف تھنڈر سے مار گرایا۔نوجوان اپنی طاقت پہنچانیں اپنی قوم کے لئے خود بنیان مرصوص بنیں ، جو بڑی طاقتوں سے نہیں ڈرتا وہی سچا لیڈر ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا دن رات عوام کے لئے سوچتی ہوں اور رات 12 بجے تک کام کرتی رہتی ہوں۔ جو آپ کی روٹی، سبزی اور بجلی بل کی فکر کرے، وہی اصل ہمدرد ہے۔،خواتین کمشنر زاور ڈپٹی کمشنرز بہت اچھا کام کررہی ہیں،انھوں نے کہا مجھے رلانا آسان نہیں، قوم کو میزائل نہیں فتنے تباہ کرتے ہیں۔ نوجوانوں کو غلط راستے پر ڈالنے والے ان کو تباہ کرتے ہیں۔شہداء کی قبریں روندنے والے تاریخ کے کچرا دانوں میں جاتے ہیں۔ اپنے اداروں کی عزت کرنے والے سر اٹھا کر جیتے ہیں۔ وردی پہننے والے ملک کی حفاظت پر قربان ہوگئے ہیں۔وردی جلانے والوں نے دراصل ملک و قوم کے وقار پر ناپاک حملہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو کہتی ہوں کہ ملک اور قوم کے خلاف کبھی نہیں جانا ، اپنے بچے باہر اور دوسرے کے بچوں کو فتنہ فساد پر لگا دیا ہے۔10,9اور28 مئی نے بتایا دیا کون ڈویلپمنٹ اور ڈیفنس کے ساتھ ہے اور کون ڈس ٹرکشن کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعلیٰ نے لیہ سپورٹس سٹیڈیم میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن کیلئے ہونہار سکالر شپ فیز ٹو اور لیپ ٹاپ سکیم کا خود چیک تقسیم کرکے باقاعدہ آغاز کیا ، طالبات نے تقریب میں پہنچنے پر پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وزیراعلیٰ نے طالبات کو گلے سے لگا یا اور بچوں کے ساتھ خود سیلفیاں بنائیں ۔ تقریب میں پولیس کے چاق وچوبند دستے نے طلبہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈی سی لیہ امیرا بیدار کو سٹیج پر بلا کر شاباش دی۔ ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، لیہ اور راجن پور کے طلبہ و طالبات میں 1,645 لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے۔

متعلقہ خبریں