اسلام آ باد ( نمائندہ مقامی حکومت) وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ دانش سکولوں اور یونیورسٹی کے منصوبوں میں عالمی معیار سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں، بین الاقوامی معیار کی ڈیجیٹل لائیبریری قائم اورتربیت یافتہ اساتذہ اور افرادی قوت کو میرٹ پر بھرتی کیا جا ئے۔وزیراعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روز دانش سکولوں اور دانش یونیورسٹی کی تعمیر کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس کے دوران دی ۔وزیراعظم نے کہا کہ تمام دانش سکولوں میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سمارٹ بورڈز، ای لائبریری اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی جائیں، دانش سکول اور یونیورسٹی منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن ، معاشی طور پر کمزور بچوں کے لیے زیادہ سے زیادہ داخلوں کے مواقع فراہم کئے جائیں ۔ اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بلوچستان کے علاقوں سبی، ژوب، موسیٰ خیل، مہتر زئی اور ڈیرہ بگٹی میں 5 دانش سکول بنائے جائیں گے، کراچی اور چترال میں دانش سکول کی تعمیر کے عمل کا آغاز ہو چکا، کری اسلام آباد میں دانش سکول کی تعمیر رواں برس میں مکمل ہو جائے گی،، آزاد جموں و کشمیر میں بھمبر اور شاردہ میں دانش سکولوں کی تعمیر پر کام جاری ہے جبکہ باغ میں دانش سکول کی تعمیر پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا، ملک بھر کے دانش سکولوں میں صوبہ پنجاب میں قائم دانش سکولوں کی طرز پر میرٹ پر بھرتیاں اور معقول تنخواہ دی جائے گی، دانش سکولز اتھارٹی ایکٹ کا مسودہ تیار ہے اور جلد حکومت سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔چین اور ترکیہ میں منعقدہ روڈ شوز میں پاکستان میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر میں متعدد بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔