مری کے لیے اربوں روپے کا تاریخی ترقیاتی پیکیج منظور

بڑے سیاحتی و شہری منصوبوں کی منظوری

مری (نمائندہ مقامی حکومت) مری کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پروگرام کے لیے اربوں روپے کے تاریخی ڈویلپمنٹ پیکیج کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کی صدارت صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گورنمنٹ ہاؤس مری میں کی۔ اجلاس میں مری ڈویلپمنٹ پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے جاری اور مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ دی۔اجلاس میں کوٹلی ستیاں کو پنجاب کا جدید ترین ٹورازم ہب بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کوٹلی ستیاں میں ٹورازم کی 14 اسکیموں کی منظوری دے دی جن میں ایکو فرینڈلی گلمپنگ پوڈ ویلج و ریزارٹ، پنجاب کا پہلا پیرا گلائیڈنگ سینٹر، اسکائی گلاس برج اور نئی چیئر لفٹ شامل ہیں۔ پتریاٹہ چیئر لفٹ کی مرمت و اپ گریڈیشن کی منظوری بھی دی گئی۔مری گلاس ٹرین منصوبے پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ مونو ریل کے لیے مارچ میں بڈنگ ہوگی، جبکہ لیک ویو پارک تا مری بس اسٹینڈ 40 کلومیٹر طویل روٹ پر گلاس ٹرین چلانے اور اسے اسلام آباد ایئرپورٹ سے مظفرآباد تک توسیع دینے پر اصولی اتفاق ہوا۔ مری کی تاریخی عمارتوں کو قدیمی طرز پر بحال کرنے اور ان کے تحفظ کے لیے علیحدہ شعبہ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ مال روڈ مری کی 23 عمارتوں اور 76 دکانوں کی تزئین و بحالی مکمل کی جائے گی۔شہر کے قدرتی حسن کو متاثر کرنے والی غیر قانونی سہ منزلہ عمارتیں ہٹانے، ان کی جگہ پارکس اور گرین ایریاز بنانے اور اپر جھیکا گلی میں سڑک کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ بھوربن میں 50 بستروں کا اسپتال اور بس اسٹینڈ کے ساتھ واٹر سپلائی اسکیم مکمل کی جائے گی۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مری ہوٹل کمپلیکس بنانے پر اتفاق ہوا، جبکہ ڈپٹی کمشنر کو موزوں مقام کی نشاندہی کی ہدایت دی گئی۔واٹر سپلائی اسکیموں میں پیش رفت سے 2.8 ملین گیلن اضافی پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے، جس سے پانی کی دستیابی کا دورانیہ پانچ سے سات گھنٹے کے بجائے ایک سے دو گھنٹے رہ جائے گا۔ رین واٹر ہارویسٹنگ منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور دوسرے مرحلے میں تین ہزار گھر مستفید ہوں گے۔ راولپنڈی میں بھی اسی نوعیت کے منصوبے کے لیے اقدامات کی ہدایت دی گئی۔روڈ انفراسٹرکچر کے حوالے سے بتایا گیا کہ مری اور مضافات میں 70 سڑکیں مکمل جبکہ 120 دوسرے مرحلے میں زیرِ تعمیر ہیں۔ بوستال موڑ تا بروری روڈ اور مری ایکسپریس تا پتریاٹہ روڈ کی بحالی جاری ہے، جبکہ راولپنڈی، مری اور کشمیر روڈ کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کا اصولی فیصلہ ہوا۔ برفباری کے دوران بہترین کارکردگی پر ڈپٹی کمشنر مری ظہیر شیرازی اور ٹیم کو سراہا گیا، جدید مشینری سے برف ہٹانے کے باعث سڑکیں بروقت کھول دی گئیں۔ مری پی ایچ اے شہر کی بیوٹی فیکیشن جبکہ واسا کے قیام کے بعد نکاسی آب کے بہتر انتظامات سے شہریوں کو سہولت میسر آئی ہے۔

متعلقہ خبریں