پانی و نکاسی آب کے پمپنگ اسٹیشنز پر لوڈشیڈنگ ناقابل قبول، لیاری کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی: سعید غنی

کراچی (نمائندہ خصوصی) سندھ اسمبلی میں صوبائی وزیر بلدیات وزیر سعید غنی نے ایک توجہ دلاوٗ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پانی و نکاسی آب کے مخصوص پمپنگ اسٹیشنز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھا جانا چاہیے، کیونکہ یہ عوامی سہولیات سے متعلق انتہائی اہم ادارے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت کراچی الیکٹرک کی کسی قسم کی نادہندہ نہیں ہے بلکہ بجلی کے تمام واجبات باقاعدگی سے ادا کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے میں بجلی کی بندش سندھ حکومت کی نہیں بلکہ کے-الیکٹرک کی ذمہ داری ہے، جو کہ اپنی سروسز میں تسلسل کو یقینی بنانے میں ناکام ہو رہی ہے۔

سعید غنی نے اعلان کیا کہ لیاری کے پمپنگ اسٹیشنز کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ شہریوں کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیر بلدیات نے دورانِ خطاب کہا کہ اگر کوئی شخص یا ادارہ شہریوں سے پیسے لے کر پانی کی فراہمی کر رہا ہے تو یہ غیر قانونی عمل ہے، اور اگر اس حوالے سے ثبوت فراہم کیے جائیں تو وہ فوری طور پر سخت کارروائی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور عوام کو کسی صورت بنیادی ضروریات سے محروم نہیں رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں