جماعت اسلامی نے بلدیاتی اداروں کے اختیارات سے متعلق سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر ایڈووکیٹ سیف الدین اور جماعت اسلامی کے منتخب 9 ٹاؤن چیئرمینوں نے بلدیاتی اداروں کو اختیارات، منصوبہ بندی، انفراسٹرکچر اور ترقیاتی کاموں کی منتقلی کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی ہے۔

درخواست گزاروں نے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی ہے کہ آئینِ پاکستان اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق تمام ترقیاتی اختیارات بلدیاتی اداروں کو منتقل کیے جائیں، اور کے ایم سی، یونین کونسلز اور ٹاؤنز کو ان کے جائز وسائل اور فنڈز فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام ترقیاتی اداروں کو بلدیاتی نظام میں ضم کیا جائے اور کوئی وفاقی یا صوبائی ادارہ براہ راست بلدیاتی یا ترقیاتی منصوبوں میں مداخلت کا مجاز نہ ہو۔

درخواست دائر کرنے کے موقع پر جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینوں کے ساتھ ساتھ سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری، ایڈووکیٹ عثمان فاروق اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈووکیٹ سیف الدین نے کہا کہ اگر کراچی کے محض 50 فیصد فنڈز بھی شہر پر خرچ کر دیے جائیں تو شہر کے حالات میں واضح بہتری آ سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں