کراچی میں 183 اہم سڑکوں کی ازسرِ نو تعمیر کا منصوبہ حتمی شکل اختیار کرگیا

کراچی: حکومتِ سندھ نے کراچی اسپیشل روڈ ری ہیبلیٹیشن پروگرام کے تحت شہر کی مختلف ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کی حدود میں واقع 183 اہم سڑکوں کی ازسرِ نو تعمیر کا منصوبہ حتمی شکل دے دی ہے۔ اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ 183 سڑکیں شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور یہ بڑی شاہراہوں کے ساتھ متبادل راستوں کے طور پر بھی استعمال ہوتی ہیں، جن سے روزانہ ہزاروں شہری استفادہ کرتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے میونسپل کمشنر کو ہدایت کی کہ تمام ضروری کارروائیاں تیز کی جائیں اور منصوبے پر فوری عملدرآمد کے لیے ٹھیکوں کے اجرا کا عمل شروع کیا جائے تاکہ کام کا آغاز بلا تاخیر ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور شہری سہولتوں میں نمایاں بہتری لائے گا۔

میئر کراچی نے مزید بتایا کہ سڑکوں کی کامیاب بحالی کے بعد اسٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام شارع فیصل کے کامیاب ماڈل کی طرز پر کیا جائے گا، جہاں شمسی توانائی سے چلنے والی اسٹریٹ لائٹس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، جن میں توانائی کی بچت، اخراجات میں کمی اور بہتر روشنی شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں