روزانہ 10 ٹن صنعتی و طبی فضلہ تلف کرنے کی صلاحیت حاصل
کراچی: کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہر کو صاف اور محفوظ بنانے کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے 1998 میں نصب کیا جانے والا مگر طویل عرصے سے غیر فعال کچرا جلانے کا پلانٹ دوبارہ فعال کر دیا ہے، جو اب روزانہ 10 ٹن تک صنعتی اور طبی فضلہ محفوظ طریقے سے تلف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ضلع کیماڑی کے علاقے میوہ شاہ میں واقع گٹر باغیچہ کے مقام پر پلانٹ کی مرمت اور بحالی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کونسل کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، یوسی چیئرمین علی رضا رند اور دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔ میئر نے اس پیش رفت کو ’’صاف و سرسبز کراچی‘‘ کی جانب ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ کراچی کی آبادی میں اضافے کے ساتھ خطرناک فضلے کی مقدار بھی بڑھ رہی ہے۔ صنعتی فضلہ نالوں میں پھینکے جانے اور استعمال شدہ سرنجوں اور خون کی تھیلیوں سمیت طبی کچرا ساحلِ سمندر تک پہنچنے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، جس سے ماحولیاتی آلودگی اور عوامی صحت کے خطرات میں اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پلانٹ کی بحالی سے صنعتی اور طبی فضلے کی آلودگی کو صفر کی سطح تک لانے میں مدد ملے گی۔
تقریب کے شرکا کو بتایا گیا کہ یہ پلانٹ 1995 میں دو بڑے درجے کی مشینیں خریدنے کے بعد 1998 میں نصب کیا گیا تھا، تاہم برسوں تک مؤثر انداز میں کام نہ کر سکا۔ صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے 2025 میں اس کی بحالی اور جدید ’’سائیکلون ٹیکنالوجی‘‘ سے اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اور دس ماہ میں اسے دوبارہ فعال بنا دیا گیا۔
میئر کے مطابق نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے اب یہ پلانٹ روزانہ 10 ٹن تک صنعتی اور طبی فضلہ محفوظ انداز میں جلا سکتا ہے، جبکہ کاربن مونو آکسائیڈ کو کم کرنے کا نظام بھی نصب کیا گیا ہے جس سے مضر اخراج میں کمی آئے گی اور ماحول دوست عمل کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
میئر نے کہا کہ جن صنعتوں اور اسپتالوں کے پاس فضلہ ٹھکانے لگانے کا مناسب انتظام نہیں، وہ کے ایم سی سے رابطہ کریں، ادارے کی گاڑیاں ان کے احاطوں سے فضلہ جمع کریں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فضلہ مناسب طریقے سے تلف نہ کرنے والے اسپتالوں اور کارخانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سمندر کو ماحول دوست بنانے کے لیے ٹی پی ون کو دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے اور 20 ملین گیلن یومیہ گنجائش کے پائلٹ منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ صاف شدہ پانی کو صنعتی استعمال میں لانے کا عمل بھی شروع کیا جا چکا ہے اور ہارون آباد میں ٹی پی ون کا باقاعدہ افتتاح جلد کیا جائے گا۔
میئر نے کہا کہ شہر بھر میں بلا امتیاز ترقیاتی کام جاری ہیں، کیٹل کالونی میں فلائی اوور مکمل ہو چکا ہے جبکہ عظیم پورہ فلائی اوور پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میوہ شاہ قبرستان، جو کبھی خستہ حالی کا شکار تھا، اب نمایاں بہتری کی مثال بن چکا ہے۔