میئر کراچی کا لیاری میں اہم سڑکوں کی تعمیر و بحالی منصوبے کا آغاز

کراچی (نمائندہ مقامی حکومت) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے لیاری میں ایک بڑے ترقیاتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، جس کے تحت مرزا آدم خان روڈ کی تعمیر نو اور بحالی کا کام شروع کیا جا رہا ہے۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے تحت 40 کروڑ روپے لاگت سے شروع کیے گئے اس منصوبے کا مقصد لیاری ٹاؤن اور اطراف کے علاقوں میں رابطہ سڑکوں اور شہری سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ منصوبہ علاقے کے مکینوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، جسے اب عملی شکل دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، ایم پی اے یوسف بلوچ اور دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت 4.48 کلومیٹر طویل ڈبل کیرج وے تعمیر کی جائے گی جبکہ نکاسی آب کے نظام کو بھی مکمل طور پر اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ بارش اور سیوریج کے مسائل کا مستقل حل ممکن ہو سکے۔

اس کے علاوہ 4.61 کلومیٹر طویل ڈرینیج لائن اور دیگر سیوریج انفراسٹرکچر بھی نصب کیا جائے گا، جس سے علاقے میں پانی کی نکاسی بہتر ہوگی اور سیلابی صورتحال سے بچاؤ ممکن ہوگا۔

میئر کراچی نے کہا کہ مرزا آدم خان روڈ موری پور روڈ اور گارڈن کے درمیان ایک اہم رابطہ سڑک ہے، جو پرانے شہر کے علاقوں میں ٹریفک دباؤ کے دوران متبادل راستے کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ اس کی خستہ حالی کے باعث بحالی ناگزیر ہو چکی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو سہولت میسر آئے گی۔

میئر نے بتایا کہ یہ منصوبہ "لیاری ٹرانسفارمیشن” پروگرام کا حصہ ہے، جو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے پہلے مرحلے کی لاگت تقریباً 5 ارب روپے ہے، جس میں پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری پر توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

میئر کراچی نے مزید بتایا کہ لیاری میں کے-III واٹر سپلائی لائن پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، جس کی تکمیل سے علاقے میں پانی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں