بلدیاتی انتخابات کیلئے ہر وقت تیار، سندھ حکومت کی صوابدید کہ کب کرائے، الیکشن کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیئے ہر وقت تیار ہیں مشترکہ مفادار کونسل نے مردم شماری سے متعلق اپنا فیصلہ سندھ حکومت کو بھیج دیا ہے اب سندھ حکومت کی صوابدید ہے کہ وہ کب انتخابات کرائے۔ انتخابات میں تاخیر کے لیئے مردم شماری کے غلط اعداد وشمار کے خلاف پاسبان کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت پیر کو چیف جسٹس سندھائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ اور جسٹس یوسف علی سعید پر مشتمل دو رُکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ مردم شماری سے متعلق مشترکہ مفادات کونسل نے اپنا فیصلہ سندھ کی صوبائی حکومت کو بھجوا دیا ہے اب صوبائی حکومت کی صوابدید پر ہے کہ وہ کب الیکشن کروائے جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے عدالت میں تاحال کوئی جواب جمع نہیں کرایا گیا۔ عدالت نے سماعت کیلئے آئندہ 19اکتوبر 2021کی تاریخ مقرر کردی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کو ٹالنے کے لئے حکومت نے مردم شماری 2017کے درست نتائج کو روک رکھا ہے جس کی وجہ سے کراچی کو اس کے وسائل اور حقوق نہیں مل رہے۔ عوام کے وسیع تر مفاد، قانون اور آئین کی بالادستی اور پاکستان میں جمہوری عمل کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے 2017کے حتمی نتائج کی بنیاد پر انتخابی حلقوں کی نئی حد بندی کا اعلان اور شیڈول کے مطابق پاکستان سمیت سندھ میں نئے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا حکم دیا جائے۔