چشتیاں: یومِ مزدور پر ریلی، کم از کم اجرت کی خلاف ورزی پر کارروائی کا اعلان
چشتیاں (نمائندہ خصوصی) یومِ مزدور کے موقع پر تحصیل انتظامیہ کے زیر اہتمام ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں مزدوروں سے اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقوق کے تحفظ کا عزم دہرایا گیا۔ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر ساحل رسول چیمہ اور ایس ڈی او احمد حسن بھٹی نے کی۔
شرکاء میں میونسپل کمیٹی کے افسران، وکلاء، اساتذہ، طلباء، تاجران، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان شامل تھے۔ مظاہرین نے مزدوروں کے حق میں نعرے لگائے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے حقوق کی حمایت میں تحریریں درج تھیں۔
خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے اعلان کیا کہ مزدور کی کم از کم اجرت 37500 روپے مقرر ہے اور اس سے کم اجرت دینے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یومِ مزدور کے اگلے روز سے تحصیل میں مزدوروں کا ریکارڈ مرتب کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا تاکہ پٹرول پمپس، آئس فیکٹریوں، کاٹن و شوگر ملز سمیت تمام کاروباری مراکز میں کم از کم اجرت پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
ساحل رسول چیمہ نے کہا کہ مزدوروں کے انسانی و قانونی حقوق کی فراہمی ریاستی ذمہ داری ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ضلعی دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے رہیں گے۔