قدیمی قبرستان پر ہاؤسنگ سوسائٹی کی شکل میں قبضہ، محکمہ اوقاف کے اہلکار ملوث۔وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس کا مطالبہ

چشتیاں (رانا عبدالرشید) چشتیاں شریف میں واقع پاکستان کے سب سے بڑے اور تاریخی قبرستان پر ناجائز قبضے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تعمیر کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ اوقاف کے بعض اہلکار، خصوصاً کلرک عابد خاکی کی سرپرستی میں اس قدیمی قبرستان کو رہائشی ٹاؤن میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جہاں پلاٹس کی سرعام خرید و فروخت جاری ہے۔

مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں کی جانب سے شدید احتجاج کے باوجود قبروں پر قائم کی گئی یہ غیر قانونی رہائش گاہیں روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ محکمہ اوقاف کے افسران اور چشتیاں اوقاف انتظامیہ بھی اس قبضہ مافیا کا حصہ ہیں، جنہوں نے مبینہ طور پر سینکڑوں ایکڑ پر محیط قبرستان کی زمین پر تعمیرات کی اجازت دی۔

انتظامیہ کی خاموشی اور متعدد میڈیا رپورٹوں کے باوجود اب تک کسی بھی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی، جو اس سوال کو جنم دیتی ہے کہ آخر کس کی پشت پناہی پر یہ غیر قانونی اقدام جاری ہے؟ کیا یہ نوٹوں کی چمک ہے یا معاملہ کچھ اور ہے؟

متاثرین اور شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز، وزیراعظم پاکستان، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے اور تاریخی قبرستان کو اصل حالت میں بحال کیا جائے۔

متعلقہ خبریں