واوا کے زیرِ اہتمام احمد زئی وزیر قبائل کا اہم جرگہ، چیک ڈیمز کی تعمیر میں بھرپور تعاون کا اعلان

جرگے کا مقصد مقامی ترقیاتی منصوبوں، بالخصوص چیک ڈیمز کی تعمیر سے متعلق قبائلی حمایت کو مستحکم بنانا، پانی کی قلت پر قابو پانا اور پانچ منظور شدہ چیک ڈیمز کے حق میں قبائلی رائے عامہ کو ہموار کرنا تھا

وانا (قسمت اللہ وزیر ) جنوبی وزیرستان لوئر میں وانا ویلفیئر ایسوسی ایشن (واوا) کے زیرِ اہتمام جمعہ کے روز احمد زئی وزیر قبائل کا ایک اہم اور تاریخی جرگہ ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا میں منعقد ہوا۔ جرگے کا مقصد مقامی ترقیاتی منصوبوں، بالخصوص چیک ڈیمز کی تعمیر سے متعلق قبائلی حمایت کو مستحکم بنانا، پانی کی قلت پر قابو پانا اور پانچ منظور شدہ چیک ڈیمز کے حق میں قبائلی رائے عامہ کو ہموار کرنا تھا۔احمد زائی وزیر قبائل جرگے میں قبائلی عمائدین، علمائے کرام، وکلاء، سیاسی و سماجی شخصیات اور تاجر برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نمایاں شرکاء میں ملک طارق خان، ملک جمیل، ملک سیف اللہ، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیف الرحمان وزیر، اور مولانا محمود عالم وزیر شامل تھے، جنہوں نے جرگے میں بھرپور دلچسپی اور حمایت کا اظہار کیا۔شرکاء نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ جنوبی وزیرستان لوئر میں پانچ منظور شدہ چیک ڈیمز کی بروقت اور معیاری تعمیر میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔ جرگے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کسی بھی ٹھیکیدار سے کمیشن طلب نہیں کیا جائے گا تعمیراتی عمل میں بلاوجہ مداخلت نہیں کی جائے گی، منصوبے پر کام کرنے والے عملے اور انجینئرنگ اسٹاف کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا

جرگے کے دوران وانا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر رحمت اللہ وزیر نے شرکاء کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پانچ چیک ڈیمز کی تعمیر تحصیل برمل کے علاقہ زالئی کے پانچ مختلف مقامات پر کی جائے گی، ان منصوبوں کے لیے صوبائی حکومت اور بالخصوص چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی خصوصی دلچسپی سے ایک ارب روپے کی لاگت کی منظوری دی گئی ہے، تعمیراتی کام جلد شروع کیا جائے گا، اور منصوبے معیاری، شفاف اور پائیدار انداز میں مکمل کیے جائیں گے۔صدر واوا نے واضح کیا کہ علاقے میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی ایک بڑا مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔ اس کا اثر نہ صرف باغات اور زرعی زمینوں پر پڑ رہا ہے بلکہ عام شہریوں کو بھی پانی کی قلت کے باعث روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واوا کی تحقیق کے مطابق وانا کے مختلف علاقوں میں 46 فزیبل سائیٹس موجود ہیں جہاں مستقبل میں مزید چیک ڈیمز تعمیر کیے جا سکتے ہیں۔ ان مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور منصوبہ بندی کے مراحل میں شامل کیا گیا ہے۔جرگے کے شرکاء نے وانا ویلفیئر ایسوسی ایشن کی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے اسے علاقے کی ترقی کے لیے ایک قابلِ اعتماد اور فعال ادارہ قرار دیا۔ احمد زئی وزیر قبائل نے واوا کے اقدامات کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے کہا ہم واوا کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور ان ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دیں گے۔ ان اقدامات سے ہمارے نوجوانوں کو روزگار اور علاقے کو ترقی ملے گی۔شرکاء نے واوا کی سابقہ فلاحی و سماجی خدمات پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واوا نے ہمیشہ علاقائی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کیا اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔یہ جرگہ محض ایک رسمی تقریب نہیں تھا بلکہ قبائلی عوام کے اجتماعی شعور، اتحاد اور ترقی سے وابستگی کا مظہر تھا۔ اس نے ثابت کیا کہ قبائلی عوام نہ صرف ترقی کے خواہاں ہیں بلکہ اس کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔آخر میں صدر واوا رحمت اللہ وزیر نے تمام قبائلی عمائدین، سیاسی رہنماؤں، تاجر برادری، اور دیگر معزز شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا یہ ہمارا اجتماعی خواب ہے کہ جنوبی وزیرستان ایک خوشحال اور خود کفیل خطہ بنے، اور اس خواب کو حقیقت بنانے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں