خواتین کے لیے اسکوٹی ٹریننگ اسکول کا افتتاح
اسلام آباد: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خواتین کی محفوظ سفری سہولت کو فروغ دینے اور ان کی نقل و حرکت کے مسائل کے حل کے لیے منگل کے روز "اڑان اسکوٹی اینڈ موٹر رائیڈنگ اسکول” کا افتتاح کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے خواتین کے لیے قائم اس اسکول کا افتتاح کیا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز فیض آباد میں ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں آئی جی اسلام آباد بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران، خواتین پولیس اہلکاروں، شرکاء اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اڑان اقدام خواتین کے اعتماد اور خودمختاری کی علامت ہے جہاں انہیں گاڑی، موٹر سائیکل اور اسکوٹی چلانے کی باقاعدہ تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خواتین کو محفوظ اور خودمختار سفر کی سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کا اڑان پروگرام خواتین کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی عملی کوشش ہے اور اس کے ذریعے انہیں آزاد اور محفوظ سفر کے مواقع میسر آئیں گے۔
"آئی ٹی پی اڑان اسکوٹی اینڈ موٹر رائیڈنگ اسکول” میں بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت کی مکمل سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اسکول میں جدید ڈرائیونگ ٹریک اور عملی تربیت کے لیے خصوصی انتظامات موجود ہیں۔
اس ادارے میں پیشہ ورانہ تربیت خواتین انسٹرکٹرز فراہم کریں گی جبکہ کورس مکمل کرنے والی خواتین کو باقاعدہ سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جائے گا۔ یہ سہولت بالخصوص جڑواں شہروں کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کے لیے شروع کی گئی ہے تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کر سکیں۔