کراچی میں چین کے تعاون سے منی ٹرک اسمبلنگ پلانٹ قائم کرنے کا اعلان
کراچی ۔ حکومتِ سندھ نے چین کے تعاون سے کراچی میں منی ٹرک کی اسمبلنگ لائن قائم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ چینی سرمایہ کاروں نے اس منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کراچی میں اسمبلنگ پلانٹ لگانے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون کی نئی مثال ثابت ہو گا۔
یہ اعلان چین کے شہر بوزھو میں "سپر منی ٹرک” کی رونمائی کی تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سپر منی ٹرک کا منصوبہ پاک-چین صنعتی اشتراک اور تکنیکی تعاون کی بہترین علامت ہے، جو نہ صرف دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ روزگار کے مواقع، مقامی صنعت کی ترقی اور معیشت کو بھی فائدہ پہنچائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت صنعتی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، اور چین کے ساتھ مشترکہ منصوبے مستقبل میں مزید ترقی کا باعث بنیں گے۔