پرتگال میں گلوبل پارلیمنٹ آف میئرز کانفرنس 2025: میئر پشاور حاجی زبیر علی اور پاکستانی وفد کی شرکت
براگہ، پرتگال – عالمی سطح کی سالانہ کانفرنس گلوبل پارلیمنٹ آف میئرز 2025 کا انعقاد پرتگال کے شہر براگہ میں ہوا، جس میں پاکستان کی نمائندگی میئر پشاور حاجی زبیر علی، تحصیل چیئرمین پشتخرہ ہارون صفت، تحصیل چیئرمین ٹوپی صوابی محمد رحیم جدون، تحصیل چیئرمین شاہ عالم کلیم اللہ، اور چیئرمین عطاء اللہ نے کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میئر پشاور حاجی زبیر علی نے شہری مسائل، جمہوریت، اور پالیسی سازی پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی، عالمی ہجرت، شہری ترقی، اور مقامی حکومتوں کے کردار جیسے اہم عالمی چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنی تجاویز پیش کیں۔
میئر پشاور نے کہا، "میں اس بین الاقوامی فورم پر پشاور کے عوام کی آواز بن کر شریک ہوا ہوں۔ میری اولین ترجیح پشاور کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہے۔” انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف ممالک کے تجربات سے سیکھنے اور معلومات کے تبادلے کے لیے ایسی کانفرنسز کا انعقاد نہایت مؤثر ہے۔
کانفرنس میں دنیا بھر سے درجنوں ممالک کے میئرز اور شہری نمائندے شریک ہوئے، جہاں باہمی تعاون، شہری حکمرانی، اور پائیدار ترقی کے لیے مختلف سیشنز منعقد کیے گئے۔
پاکستانی وفد کی شرکت عالمی سطح پر مقامی حکومتوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور تجربات کے تبادلے کے لیے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔