ڈیٹرائٹ سٹی کی تاریخی واپسی، مشی گن کی آبادی میں سبقت حاصل کرلی
واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکا کی مردم شماری بیورو کی نئی رپورٹ کے مطابق ڈیٹرائٹ نے ایک سال میں 12 ہزار 487 افراد کا اضافہ کر کے نہ صرف مشی گن کی آبادی میں سبقت حاصل کرلی بلکہ امریکا کے بڑے شہروں کی فہرست میں بھی ایک درجہ اوپر آگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مئی 2024 سے مئی 2025 کے دوران ڈیٹرائٹ کی آبادی 6 ہزار 791 افراد (1.1 فیصد) بڑھی، جو مشی گن ریاست کی اوسط شرحِ اضافہ (0.6 فیصد) سے دوگنی ہے اور امریکا کی قومی شرحِ اضافہ (0.98 فیصد) سے بھی زیادہ ہے۔ اس تیز رفتار اضافے نے ڈیٹرائٹ کو پورٹ لینڈ (اورےگن) سے آگے بڑھا کر امریکا کا 26 واں بڑا شہر بنا دیا ہے، جو اب آبادی کے لحاظ سے بوسٹن کے قریب پہنچ گیا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال کے رپورٹ میں کمی کو تسلیم کرتے ہوئے مردم شماری بیورو نے 5 ہزار 696 افراد کا اضافہ بھی شامل کیا، یوں مجموعی طور پر شہر کی آبادی 6 لاکھ 45 ہزار 705 تک پہنچ گئی۔
ڈیٹرائٹ کے میئر مائیک ڈگن نے شہر کے سرکاری ملازمین اور کمیونٹی ارکان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ریکارڈ اضافہ ڈیٹرائٹ کے باسیوں، کاروباری طبقے اور گزشتہ 12 برسوں سے محنت کرنے والے سرکاری ملازمین کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ آج کا دن اس بات کا ثبوت ہے کہ ہر شہری کو مردم شماری میں شامل کرنے کی ہماری جدوجہد کامیاب رہی۔”
یاد رہے کہ مئی 2024 میں پہلی مرتبہ 1957 کے بعد ڈیٹرائٹ میں آبادی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ نئی رپورٹ اس رجحان کو مزید مضبوط بناتی ہے اور شہر کی تاریخی واپسی کی تصدیق کرتی ہے۔