شکاگو میئر کی جانب سےبے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں کی بہتری اور جدید سہولیات

ملین ڈالر کی تاریخی سرمایہ کاری کا اعلان40

شکاگو کے میئر برینڈن جانسن نے محکمہ فیملی اینڈ سپورٹ سروسز کے ساتھ مل کر شہر بھر میں شیلٹرز کی بہتری اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 40 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ یہ شکاگو کی تاریخ میں شیلٹر انفراسٹرکچر میں سب سے بڑی مقامی سرمایہ کاری قرار دی جا رہی ہے، جو محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے پہلے کیے گئے 30 ملین ڈالر کے منصوبوں پر مبنی ہے۔

اس سرمایہ کاری سے سات بڑے شیلٹرز میں بنیادی ڈھانچے کی مرمت اور توسیع کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے جن میں 750 سے زائد مستقل بیڈز کو اپ گریڈ کیا جائے گا، معذور افراد کے لیے سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا اور 350 سے زیادہ نان کانگریگیٹ بیڈز فراہم کیے جائیں گے، جن میں نجی کمرہ، باتھ روم اور محفوظ اسٹوریج شامل ہوگا۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ایسے نان کانگریگیٹ شیلٹرز صحت اور رہائشی نتائج میں بہتری لاتے ہیں۔

میئر جانسن نے کہا: "یہ سرمایہ کاری شکاگو کی تاریخ میں سب سے بڑا قدم ہے تاکہ ہم رہائش کو ہر شہری کا حق بنا سکیں۔ ہم اپنے بے گھر شہریوں کے لیے محفوظ، باوقار اور قابل رسائی شیلٹرز بنا رہے ہیں تاکہ وہ بہتر زندگی گزار سکیں۔”

ڈی ایف ایس ایس کی قائم مقام کمشنر مورا مکاؤلی نے کہا کہ یہ اقدام شکاگو کے کمزور اور ضرورت مند شہریوں کو عزت اور ہمدردی کے ساتھ سہولت فراہم کرنے کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔

یہ شیلٹر منصوبے شمالی، جنوبی اور مغربی شکاگو کے سات علاقوں میں قائم کیے جائیں گے اور بچوں والے خاندانوں، بے سہارا نوجوانوں، خواتین، مردوں اور قید کی سزا پوری کر کے واپس آنے والے شہریوں سمیت مختلف طبقات کو سہولت فراہم کریں گے۔ منتخب شیلٹرز میں سینٹ لیونارڈز ہاؤس، گریس ہاؤس، ہاؤس آف میری اینڈ جوزف، پاینیر ہاؤس، کوویننٹ ہاؤس، سلویہ سینٹر اور لیمپلائٹ شامل ہیں۔

ان منصوبوں کے ذریعے پناہ گاہوں میں نجی نوعیت، حفاظت، سہولتوں تک رسائی اور جدید سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ آگ سے بچاؤ، توانائی کی بچت اور ADA اپ گریڈیشن جیسے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں