جکارتہ میں خطے کا بڑا ماحولیاتی اجلاس
جکارتہ (انڈونیشیا): جکارتہ سٹی نے سی-40 سٹیز اور برطانوی حکومت کے تعاون سے "ساؤتھ ایشیا اربن کلائمیٹ ایکشن پروگرام” کا ریجنل اجلاس 23 سے 25 جولائی تک منعقد کیا۔ اس اجلاس میں خطے کے شہروں کے رہنماؤں، سرمایہ کاروں اور ترقیاتی اداروں نے شرکت کی تاکہ پائیدار شہری ترقی کے لیے ماحولیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس کے پہلے دن 100 سے زائد سرکاری نمائندے، عالمی تنظیموں، مالیاتی اداروں اور ترقیاتی بینکوں کے حکام شریک ہوئے۔ آئندہ دو دنوں میں ورکشاپس، مطالعاتی دورے اور اعلیٰ سطحی بات چیت بھی ہوگی تاکہ شہروں کو ماحولیاتی منصوبوں کی تیاری، سرمایہ کاری کے مواقع اور سرکاری و نجی شعبے سے روابط میں مدد مل سکے۔
افتتاحی تقریب کے دوران یہ اہم اعلان کیا گیا کہ جکارتہ "کلین انویسٹمنٹ ایکسیلریٹر” نامی عالمی اتحاد میں شامل ہو گیا ہے۔ اس اتحاد میں دنیا کے 21 بڑے شہر شامل ہیں جو فوسل فیول سے ہٹ کر ماحول دوست سرمایہ کاری کو فروغ دے رہے ہیں۔
:گورنر جکارتہ پرامونو انونگ نے کہا کہ
جکارتہ موسمیاتی مزاحمت اور توانائی کے صاف ذرائع کی طرف منتقلی میں قیادت کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ہمارا مقصد جکارتہ کو ایک عالمی شہر بنانا ہے جو ماحول دوست، شمولیتی اور مالی طور پر مستحکم ہو۔
:انڈونیشیا میں برطانوی سفیر ڈومینک جرمے نے کہا
برطانیہ اس پروگرام کی معاونت پر فخر محسوس کرتا ہے۔ جکارتہ کا یہ قدم خطے کے دیگر شہروں کے لیے مثال ہے کہ ماحولیاتی سرمایہ کاری کوئی عیاشی نہیں بلکہ وقت کی ضرورت ہے۔
سی-40 کے ریجنل ڈائریکٹر مرالی رام نے کہا کہ اس پروگرام نے جکارتہ، کوالالمپور اور کیزون سٹی کو ماحول دوست اقدامات میں مدد دی ہے، جس سے توانائی اور تعمیرات کے شعبے میں کاربن کے اخراج میں کمی اور لوگوں کی زندگی میں بہتری آئے گی۔