وینٹیج گیمز کا آغاز: پاکستان میں نوجوانوں کے کھیلوں کی نئی دنیا
اسلام آباد: پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل عبور ہو گیا ہے۔ وینٹیج گیمز کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جو ملک کا پہلا منظم قومی پلیٹ فارم ہے جو اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر کھیلوں کو ایک جگہ اکٹھا کرتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم www.vantagegames.org پر دستیاب ہے۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد ملک میں کھیلوں کے جمود زدہ، غیر مربوط اور مالی طور پر نظر انداز شدہ ڈھانچے کو پیشہ ورانہ صلاحیت، تخلیقی سوچ اور منظم حکمتِ عملی فراہم کرنا ہے۔ وینٹیج گیمز کے ذریعے اس بے ترتیبی کو ایک خاص نظم و ضبط میں ڈھالا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کھیلوں کے حقیقی فوائد سے مستفید ہو سکے۔ملک بھر میں اس منصوبے کے عملی نفاذ اور ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے وینٹیج گیمز نے تمام بورڈز آف انٹرمیڈیٹ کے ساتھ الحاق کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد بچوں کی ذہنی نشوونما میں کھیلوں کے کردار کو اجاگر کرنا اور انہیں سپورٹس سے وابستگی کے مثبت اثرات سے روشناس کرانا ہے۔اس منصوبے کے بانی حیدر علی داؤد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:”یہ وقت عمل کا ہے۔ ہمیں بچوں کو تعلیمی سفر کے آغاز سے ہی کھیلوں کی طرف مائل کرنا چاہیے تاکہ وہ مثبت، توانا اور بااعتماد اذہان کے ساتھ معاشرے کی تعمیر میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
"انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کے اثرات صرف بچوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ یہ پورے ماحول کو صحت مند اور توانائی بخش بنا دیتے ہیں، جس سے مجموعی طور پر معاشرتی خوشحالی آتی ہے۔وینٹیج گیمز محض ایک یا دو دن کا ایونٹ نہیں بلکہ ایک سال پر محیط جامع منصوبہ ہے تاکہ بہتری کا عمل مسلسل اور پائیدار رہے۔ اس وقت اسٹرابری اسپورٹس مینجمنٹ اور پاکستان اسپورٹس الائنس مشترکہ طور پر اس منصوبے کی نگرانی کر رہے ہیں۔