چشتیاں (رانا عبدالرشید) چشتیاں شریف کے مرکزی علاقوں، بہاولنگر روڈ، قاضی والا روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ ٹرانسپورٹ اڈوں کی بھرمار شہریوں کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن گئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، ٹرانسپورٹرز نے سرکاری اجازت کے بغیر اڈے قائم کر رکھے ہیں جہاں وہ مقابلہ بازی میں گاڑیاں کھڑی کرتے ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور مقامی دکانداروں و راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ غیر قانونی اڈے نہ صرف شہریوں کے لیے وبال جان بنے ہوئے ہیں بلکہ شہر کی خوبصورتی اور نظم و ضبط کو بھی شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ متعلقہ محکموں کی خاموشی یا مبینہ ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ان اڈوں کی پشت پناہی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) بہاولنگر کے بعض بااثر افراد کر رہے ہیں جو ذاتی مفادات کی خاطر عوامی مسائل سے آنکھیں چرا رہے ہیں۔
شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے فوری نوٹس لینے اور ان غیر قانونی اڈوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل میں کمی آئے اور قانون کی بالا دستی قائم ہو۔