پنجاب میں ڈیجیٹل میونسپل بلنگ سسٹم کا آغاز

شہری اب موبائل بینکنگ اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے بل ادا کر سکیں گے

لاہور: پنجاب حکومت نے منگل کے روز ڈیجیٹل میونسپل بلنگ سسٹم کا باضابطہ آغاز کر دیا، جس کے تحت صوبے بھر کے شہری اب اپنے بلز اور میونسپل ٹیکس موبائل بینکنگ اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے بآسانی ادا کر سکیں گے۔

یہ نیا سسٹم وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل گورننس وژن کا حصہ ہے، جس کے تحت صوبے کی تمام 229 مقامی حکومتوں کو ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر برائے مقامی حکومت ذیشان رفیق اور چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان نے سسٹم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے ڈی جی بابر صاحب دین اور بینک آف پنجاب کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ڈیجیٹل بلنگ سسٹم بینک آف پنجاب اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے باہمی اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کے تحت بینک آف پنجاب کو مقامی حکومتوں کی جانب سے مختلف واجبات، جیسے بلڈنگ پلان فیس، دکانوں کے کرایے اور پانی کے چارجز کی وصولی کا اختیار دے دیا گیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے کہا کہ ڈیجیٹل بلنگ سسٹم سے ادائیگیوں کا عمل زیادہ شفاف، تیز اور آسان ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’’ای گورننس کے متعدد منصوبے صوبے بھر میں تیزی سے جاری ہیں، جن کا مقصد شہریوں کو دفتر جانے اور قطاروں میں لگنے کی پریشانی سے نجات دلانا ہے۔‘‘

چیف سیکریٹری نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی محکموں میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے گورننس اور سروس ڈیلیوری میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ کامیابیوں کے پیچھے محکموں کے باہمی تعاون اور ٹیم ورک کا اہم کردار ہے۔

تقریب کے اختتام پر بینک آف پنجاب اور PITB کی ٹیموں کو منصوبہ کامیابی سے مکمل کرنے پر شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

متعلقہ خبریں