جعلی پولیس مقابلے میں نوجوان کے قتل میں ایک پولیس اہلکار کو سزائے موت، دو کو عمر قید
کراچی: سیشن عدالت نے جعلی پولیس مقابلے میں 26 سالہ نوجوان عامر حسین کے قتل کے مقدمے میں ایک پولیس اہلکار کو سزائے موت جبکہ دو دیگر کو عمر قید کی سزا سنادی۔
تین پولیس کانسٹیبلز فیصل، شہریار اور ناصر پر الزام تھا کہ انہوں نے 2022 میں گلستان جوہر کے ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس میں نوجوان عامر حسین کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ پولیس کے مطابق اسنیپ چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل نہ روکنے پر اہلکاروں نے اس کا تعاقب کیا تھا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں زیر سماعت مقدمہ دہشت گردی کی دفعات ختم ہونے کے بعد سیشن عدالت منتقل کردیا گیا تھا۔ سرکاری وکیل پرویز احمد قریشی اور دفاع کے دلائل سننے کے بعد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (شرقی) عزیز الرحمٰن جونیجو نے تینوں پولیس اہلکاروں کو مجرم قرار دیا۔
عدالت نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کرنے والے کانسٹیبل شہریار کو سزائے موت جبکہ فیصل اور ناصر کو عمر قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے تینوں مجرموں کو مقتول کے قانونی ورثا کو پانچ، پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مقتول غیر مسلح تھا اور مزاحمت نہیں کررہا تھا۔ وہ اپنی رہائشی عمارت میں موٹر سائیکل کھڑی کرکے سیڑھیوں کی جانب جارہا تھا کہ اسے دو گولیاں ماری گئیں۔ شواہد کے مطابق اس نے پولیس کی فائرنگ روکنے کے لیے ہاتھ بھی اٹھائے تھے۔
عدالت نے مشاہدہ کیا کہ فائرنگ کا واقعہ ایک گنجان آباد رہائشی سوسائٹی میں ساڑھے تین سالہ بچے کی موجودگی میں پیش آیا، جس سے علاقے کے رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ پولیس اہلکار کا فرض شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کرنا اور صرف قانون کے مطابق طاقت استعمال کرنا ہے، تاہم شہریار نے اپنے اختیارات اور سرکاری اسلحے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایک شہری کی جان لے لی۔
عدالت کے مطابق ایسے واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوامی اعتماد کو نقصان پہنچاتے ہیں، اس لیے سخت اور عبرت ناک سزا ضروری ہے۔
دفاع نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزمان کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا اور مقتول کا مجرمانہ ریکارڈ تھا۔ وکلا نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ موٹر سائیکل پر مقتول کے ساتھ موجود اس کا دوست اسے اسپتال لے جانے کے بجائے بچے کو گھر کیوں لے گیا۔ تاہم عدالت نے یہ دلائل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تین مسلح پولیس اہلکاروں کی اچانک فائرنگ کے بعد گواہ کا ردعمل ایک فطری انسانی عمل تھا۔ عدالت کے مطابق دفاع مقتول کے مجرمانہ ریکارڈ سے متعلق کوئی گواہ یا دستاویزی ثبوت بھی پیش نہیں کرسکا، جبکہ واقعے کے وقت مقتول سے کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی تھی۔
مقدمہ تھانہ شارع فیصل میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 302 (قتل) اور 34 (مشترکہ نیت) کے تحت درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق عامر حسین اپنے فالج سے متاثرہ والد کے لیے ادویات لینے جارہا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے اسے رکنے کا اشارہ کیا۔ اس کے موٹر سائیکل نہ روکنے پر وہ نومان ایونیو اپارٹمنٹ میں داخل ہوگیا اور موٹر سائیکل سے اتر کر اپنے والدین کے گھر کی جانب جارہا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کردی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔