بہاولنگر (نمائندہ خصوصی) ضلع بہاولنگر میں پولیس تھانوں میں رشوت کے کھلے عام لین دین کا انکشاف ہوا ہے۔ خاص طور پر تھانہ میکلوڈگنج میں تعینات سب انسپکٹر شاہد ایوب پر شہریوں سے رشوت لینے کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر نے تھانے کو اپنی ذاتی عدالت بنا رکھا ہے جہاں انصاف کی بولیاں لگتی ہیں اور سائلین سے سرعام رشوت وصول کی جاتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ معمولی نوعیت کے مقدمات ہوں یا ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش، سب انسپکٹر کی جانب سے کارروائی تبھی کی جاتی ہے جب "نظرانہ” دیا جائے۔ ان الزامات کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
متاثرہ سائلین کا کہنا ہے کہ وہ متعدد بار اعلیٰ افسران کو درخواست دے چکے ہیں مگر اب تک کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی۔ مقامی افراد نے آئی جی پنجاب، ڈی پی او بہاولنگر اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری ایکشن لینے اور غیر جانبدارانہ انکوائری کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر ایسے عناصر کے خلاف بروقت اور سخت کارروائی نہ کی گئی تو عوام کا پولیس پر سے اعتماد مکمل طور پر اٹھ جائے گا، جس کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیں، ذمہ دار اہلکار کو معطل کر کے شفاف تحقیقات کا آغاز کریں تاکہ پولیس جیسے حساس ادارے کی ساکھ بحال ہو سکے۔