چشتیاں (نمائندہ مقامی حکومت) ڈپٹی کمشنربہاولنگر ذوالفقار احمد بھون نے کہا ہے کہ کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں پاکستان کو خاص مقام حاصل ہے، کپاس ملکی مجموعی پیداوار کا تقریبا 70فیصد صوبہ پنجاب میں پیدا ہوتا ہے،بہاولپور ڈویژن میں 17لاکھ70ہزار ایکڑ رقبہ میں کپاس کی پیداوار کا ٹارگٹ مقرر کیا ہے۔انہوں نے کپاس کی پیداوار میں اضافہ اور مقررہ اہداف کے حصول کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے نہایت اہم ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے دیے گئے اہداف کے مطابق بھرپور اقدامات یقینی بنائیں۔محکمہ زراعت کے حکام نے اجلاس میں بتایا کہ پنجاب کے 35لاکھ ایکڑ رقبہ میں کپاس کاشت کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا ہے۔ضلع بہاولنگر میں 6لاکھ60ہزار ایکڑ رقبہ میں کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ ہے، تحصیل فورٹ عباس میں ایک لاکھ 72ہزار ایکڑ رقبہ،چشتیاں ایک لاکھ 60ہزار ایکڑ رقبہ،تحصیل بہاولنگر ایک لاکھ 51ہزار ایکڑ رقبہ،ہارون آباد میں ایک لاکھ 49ہزار رقبہ،منچن آباد میں 28ہزار رقبہ میں کپاس کرنے کا تارگٹ مقرر ہے جبکہ ضلع بہاولپور میں 6لاکھ25ہزار ایکڑ رقبہ اور ضلع رحیم یار خاں میں 4لاکھ85ہزار ایکڑرقبہ(تینوں اضلاع میں 17لاکھ70ہزار رقبہ) میں کپاس کی کاشت کا تارگٹ مقرر ہے۔اس طرح ڈویژن بہاولپور کا صوبہ پنجاب میں کپاس کی کاشت اور پیداوار کا تقریبا 50فیصد حصہ ہے۔ اجلاس میں زرعی محکموں، تحقیقاتی اداروں اور فیلڈ سٹاف کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور فصل کے موجودہ حالات، درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے مجوزہ اقدامات پر غور کیا گیا۔