بہاولنگر: ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے خصوصی اجلاس
بہاولنگر ( نمائندہ مقامی حکومت) ڈپٹی کمشنربہاولنگر ذوالفقار احمدنے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز کا بہت بڑا منصوبہ ہے اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ شہروں کے ساتھ ساتھ دیہاتوں کی صفائی کا منصوبہ شروع کیا ہے چنانچہ عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ بازاروں اور گلی محلوں کو ساف ستھرا رکھیں جبکہ سینیٹری ورکرز فرض شناسی سے کام کریں۔انہوں نے”ستھرا پنجاب” پروگرام کے حوالے سے خصوصی اجلاس میں ضلعی و تحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہر علاقے میں صفائی کے شیڈول کو واضح طور پر آویزاں کیا جائے تاکہ شہریوں کو آگاہی حاصل ہو اورسرکاری ملازمین کی حاضری اور کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، اور غفلت برتنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ”ستھرا پنجاب” پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے تمام محکمے باہمی تعاون سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور وہاں موجود سہولیات و انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سیکیورٹی، امتحانی ماحول، طلبہ کی سہولتوں اور دیگر انتظامی امور کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ امتحانات کا انعقاد شفاف اور منظم انداز میں ہونا چاہیے تاکہ طلبہ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی