بہاولنگر: ”ستھرا پنجاب” صرف ایک مہم نہیں بلکہ ایک عزم ہے: جام آفتاب احمد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام افتاب احمد کا عید کے پہلے دن ضلع بہاولنگر کے مختلف علاقوں کا دورہ
بہاولنگر (نمائندہ مقامی حکومت) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت ”ستھرا پنجاب” مہم کے سلسلہ میں ضلع کی تمام تحصیلوں چشتیاں،ہارون آباد،فورٹ عباس،منچن آباد،بہاولنگر اور قصبات میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی، لائسنسنگ اور ریونیو امور کی نگرانی کے لیے ضلعی انتظامیہ نے سارادن اپنے فرائض انجام دئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام افتاب احمد نے میڈیا کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے پہلے دن مختلف علاقوں کا دورہ کیاجس کے دوران انہوں نے ”ستھرا پنجاب” لائسنسنگ مہم کے تحت سلاٹر ہاؤسز، جانوروں کی فروخت کے مراکز اور متعلقہ دفاتر کا معائنہ کیااور صفائی کے انتظامات، ویسٹ مینجمنٹ اور لائسنس شدہ قصابوں کی فہرستوں کا جائزہ لیا۔جام افتاب نے موقع پر موجود عملے کو ہدایت دی کہ غیر لائسنس یافتہ قصابوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوام کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق عیدالاضحیٰ کے ایام میں صفائی، نظم و نسق اور صحت عامہ کے امور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ”ستھرا پنجاب” صرف ایک مہم نہیں بلکہ ایک عزم ہے، جس کے تحت ہر سطح پر بہتری لانا مقصود ہے۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں مقررہ مقامات پر رکھیں اور صفائی عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ضلعی انتظامیہ نے لائسنسنگ اور صفائی کے عمل کی مسلسل نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی ہیں جو عید کے تینوں دن فیلڈ میں موجود رہیں گی۔