کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے لیے عدالت سے رجوع

پشاور: خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے فوری اعلان کے لیے لوکل کونسل ایسوسی ایشن (ایل سی اے) اور مختلف بلدیاتی کونسلوں کے سربراہان نے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

مشترکہ درخواست ایل سی اے کے صدر اور مردان سٹی کونسل کے میئر حمایت اللہ میار سمیت پانچ دیگر بلدیاتی چیئرمینوں کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو ہدایت دی جائے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا شیڈول فوری طور پر جاری کیا جائے۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ بلدیاتی حکومتوں کی مدت پوری ہونے کے بعد کسی بھی آئینی خلا کو پیدا ہونے سے روکنا ضروری ہے اور آئین کے آرٹیکل 140-اے کے مطابق منتخب بلدیاتی اداروں کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔

درخواست کے مطابق صوبے میں نصف بلدیاتی کونسلوں کی مدت 15 مارچ کو جبکہ باقی کونسلوں کی مدت 20 جون 2026 کو ختم ہو جائے گی، تاہم اس کے باوجود نہ صوبائی حکومت اور نہ ہی الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کا کوئی شیڈول جاری کیا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ موجودہ مدت ختم ہونے سے قبل یا فوری بعد بلدیاتی انتخابات نہ کرانا آئین کی متعدد شقوں اور الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 219(4) کی خلاف ورزی ہے۔

یہ درخواست ایڈووکیٹ بابر خان یوسفزئی کے ذریعے دائر کی گئی جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان بذریعہ سیکریٹری، خیبر پختونخوا حکومت بذریعہ چیف سیکریٹری اور صوبائی سیکریٹری بلدیات کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140-اے کے تحت ہر صوبہ بلدیاتی نظام قائم کرنے اور سیاسی، انتظامی و مالی اختیارات منتخب بلدیاتی نمائندوں کو منتقل کرنے کا پابند ہے، جبکہ آرٹیکل 218 اور 219 کے تحت الیکشن کمیشن پر بلدیاتی انتخابات منصفانہ اور قانون کے مطابق کرانے کی آئینی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے باوجود انتخابات کے شیڈول کا اعلان نہ ہونا آئینی خلا پیدا کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں منتخب نمائندوں کے اختیارات غیر منتخب سرکاری اہلکاروں کو منتقل ہو جائیں گے، جو آئین کی روح کے منافی ہے۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر انتخابات کا انعقاد ہونا چاہیے، تاہم ماضی میں بھی صوبے میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے باعث عدالتوں کو مداخلت کرنا پڑی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ اداروں کو آئینی تقاضوں کے مطابق فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا جائے تاکہ جمہوری نظام کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں