این اے 133 لاہور کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے حلقے میں پولیس کے ساتھ رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے،الیکشن 5دسمبر کوہوگا۔

لاہور(نمائندہ مقامی حکومت)ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن پنجاب نے محکمہ داخلہ کو رینجرز تعیناتی کی درخواست کی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے اور حلقے میں پولیس کے ساتھ رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دے دی ۔الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق حلقے میں 254 پولنگ سٹیشن ہیں جن میں سے 199 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے ، پولنگ اسٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 133میں ووٹرز کی کل تعداد 4لاکھ 40ہزار 485ہے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 33ہزار558ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 6ہزار 927ہے.خیال رہے کہ این اے 133 لاہور کی نشست مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے محمد پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، چند دن پہلے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث این اے 133 کا ضمنی الیکشن ری شیڈول کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست مسترد کرتے ہوئے الیکشن کی تاریخ برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں